خبر رساں ایجنسی اہل بیت (ع) ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق، نبیہ بری نے لبنانی عوام کے نام اپنے پیغام میں ملک کے جنوبی علاقے کی صورتِ حال کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ اس علاقے کو کسی بھی فریق کے لیے بفر زون نہیں بننا چاہیے، کیونکہ یہ صرف لبنانی عوام کی ملکیت ہے۔
انہوں نے بین الاقوامی قوانین کے تحت جائز تمام ذرائع استعمال کرتے ہوئے مقبوضہ علاقوں کو آزاد کرانے کو قومی فریضہ قرار دیا اور خبردار کیا کہ اس ذمہ داری سے صرفِ نظر کرنا یا لبنان کی طاقت کے عناصر سے دستبردار ہونا، ملک کی خودمختاری اور آزادی کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔
لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے فوج کو قومی آزادی اور خودمختاری کے تحفظ کا بنیادی ستون بھی قرار دیا اور اس کے فرائض کی انجام دہی کے لیے ضروری وسائل فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے ان حملوں اور بیانات پر تنقید کی جن کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ فوج کے کردار کو مشکوک بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے اسرائیلی حملوں میں متعدد لبنانی فوجیوں کی ہلاکت اور زخمی ہونے کا بھی ذکر کیا۔
بری نے مزید کہا کہ شہریوں کی باعزت انداز میں اپنے دیہات اور شہروں میں واپسی، متاثرہ علاقوں کی تعمیرِ نو اور قیدیوں کی رہائی بھی لبنان کے دیگر قومی فرائض میں شامل ہیں۔ انہوں نے قومی اتحاد برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے لبنانی عوام، مزاحمتی قوتوں، شہدا اور زخمیوں کے اہلِ خانہ، سرحدی دیہات کے رہائشیوں، لبنانی فوج اور سکیورٹی فورسز نیز یونیفل کے اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ جنوبی لبنان بفر زون نہیں بنے گا اور اس علاقے کی آزادی کے ساتھ ہی ملک کی آزادی اور خودمختاری مکمل ہو گی۔
آپ کا تبصرہ